امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر براہ راست حملے کا حکم دیدیا ہے۔امریکی اخبار کا دعوی ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای نے یہ حکم ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں دیا جو کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے فوری بعد منعقد کیا گیا تھا۔
قبل ازیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے سخت سزا کے لیے زمین ہموار کی ہے۔فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایران میں گزشتہ رات اسرائیلی حملے میں شہید کردیا گیا۔رپورٹس کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی قیام گاہ کو تہران میں گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔تہران میں حماس کے رہنما خلیل حیہ نے بتایا کہ اسماعیل ہنیہ کے ہمراہ موجود افراد کے مطابق میزائل کمرے کی کھڑکی توڑ کر سیدھا انہیں لگا۔واضح رہے کہ شام میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران نے اپریل میں اسرائیل پر سیکڑوں میزائل داغے تھے۔اسرائیل اور اسکے اتحادیوں نے ان میں سے زیادہ تر کو مار گرایا تھا اور ان سے بہت کم نقصان ہوا تھا