شاہ رُخ خان کو قتل کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار

بالی ووڈ کے سپر سٹار شاہ رُخ خان کو قتل کی دھمکی دینے والے ملزم کو بھارتی پولیس نے گرفتار کرلیا، ممبئی پولیس کے مطابق یہ دھمکی چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور سے کی گئی تھی اور دھمکی دینے والے شخص نے شاہ رُخ خان سے 50 لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، باندرہ پولیس اسٹیشن کو گزشتہ ہفتے ایک فون کال موصول ہوئی تھی، جس میں شاہ رُخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی اور رقم کی طلب کی گئی تھی۔ پولیس نے دھمکی دینے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی تھیں۔

تفتیشی عمل کے دوران پولیس نے چھتیس گڑھ کے وکیل فیضان خان کو ملزم کے طور پر گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز فون کال ایک ایسے فون نمبر سے کی گئی تھی جو فیضان خان کے نام پر رجسٹرڈ تھا۔ اس معلومات کے بعد پولیس نے فیضان خان کو گرفتار کر لیا۔

فیضان خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کا فون 2 نومبر کو چوری ہو گیا تھا اور انہوں نے کھماردیہ پولیس اسٹیشن میں اس کی شکایت درج کرائی تھی۔ فیضان کا کہنا ہے کہ ان کا فون چوری ہونے کے بعد اس کا استعمال شاہ رُخ خان کو دھمکی دینے کے لیے کیا گیا، اور یہ ساری کارروائی ایک سازش کے تحت کی گئی ہے۔

فیضان خان نے مزید کہا کہ وہ شاہ رُخ خان کے خلاف نہیں ہیں اور ان کی مخالفت صرف ایک پرانی فلم ’انجام‘ (1994) میں ہرن کے شکار کے حوالے سے تھی جس پر انہوں نے اعتراض کیا تھا۔ فیضان خان کا تعلق راجستھان سے ہے اور وہ بشنوی برادری کے رکن ہیں جو ہرنوں کے تحفظ کے لیے حساس ہے۔

پولیس کے مطابق فیضان خان کو ملنے والی دھمکی کے معاملے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور فیضان کی گرفتاری کے بعد مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔

اس سے قبل بدنام زمانہ بشنوئی گینگ نے بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو بھی قتل کی دھمکیاں دی تھیں۔ شاہ رُخ خان کو یہ دھمکی پہلی بار ملی ہے، جس نے بالی ووڈ انڈسٹری کو چونکا دیا ہے۔

Leave a Comment