پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ایک بار پھر اہم ذمے داریاں دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وہاب ریاض کو ڈومیسٹک چیمپئنز ایونٹس کے معاملے دیکھنے کی ذمے داری دی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل وہ قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اور پاکستان ٹیم کے سینئر منیجر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا کرکٹ کی دنیا میں وسیع تجربہ ہے۔
دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف نے پی سی بی سے راہیں جدا کر لیں ہیں۔انہوں نے ایک ہفتہ قبل پی سی بی کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا تھا،وہ این سی اے میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔ان کی علیحدگی کے بعد وہاب ریاض کے پی سی بی میں واپسی کا امکان مزید بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ تبدیلیاں پاکستان کرکٹ بورڈ میں کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے کیلئے کی جا رہی ہیں۔