پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ عزت سے کھیلنا چاہتے ہیں اور کپتانی کے بارے میں نہیں سوچتے۔
شاہد آفریدی فاؤنڈیشن انڈر 16 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر شاہین خان آفریدی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے، لوگوں کی باتوں پر غور نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ منفی سوچ کے لوگ آجاتے ہیں لیکن میں اپنی پرفارمنس پر فوکس رکھتا ہوں، اپنے ملک کے لیے فخر سے کھیلوں گا، منفی چیزوں کی طرف دیکھوں گا بھی نہیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ کپتانی کا معاملہ میرے ہاتھ میں نہیں، اس لیے اس حوالے سے سوچتا ہی نہیں ہوں۔
شاہین آفریدی نے بتایا کہ میری تربیت ایسی نہیں ہے کہ غلط باتوں پر دھیان دوں، بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے اسکواڈ میں شامل ہوں گا یا نہیں، اس بارے فیصلہ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی نے کرنا ہے مجھے کچھ معلوم نہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ریڈ بال کرکٹ اصل کرکٹ ہے، جس سے اسکلز میں بہتری آتی ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے سال ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو شکست کے بعد بابراعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا، بابر اعظم کے استعفے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 کا کپتان بنایا گیا تھا۔
تاہم رواں برس مارچ میں قومی ٹیم کا کپتان ایک بار پھر تبدیل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں اور آئندہ ٹی20 ورلڈکپ کے کے لیے شاہین آفریدی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
اُس وقت ذرائع کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ پی سی بی نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کی ہے جبکہ مایہ ناز بلے باز نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
بابراعظم کے مطالبے کے بعد 31 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے دوبارہ سے کپتان بابراعظم کو بنادیا تھا