آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں پِچ پر فاسٹ بولرز کی رفتار اور باؤنس دیکھ کر پاکستانی ٹی ٹونٹی سکواڈ کے کھلاڑیوں نے ماربل پر پریکٹس شروع کردی۔ پہلے ہی ون ڈے میں بیٹرز کو پریشان دیکھ کر ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کےکھلاڑیوں نےکمر کس لی ہے۔ کراچی میں جاری کیمپ میں ٹی ٹونٹی کے بیٹرز نے ماربل کی سلیب رکھ کر پریکٹس شروع کردی۔
عثمان خان، عمیر بن یوسف اور دیگر بیٹرز نیشنل اسٹیڈیم میں ماربل پر ٹریننگ کرتے نظر آئے۔ عثمان خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پہلا ون ڈے دیکھنے کے بعد ماربل پر بیٹنگ کرنےکا منصوبہ بنایا، اس سے تیز پچز پر کھیلنے کی تکنیک بہتر ہوتی ہے، اس سے کٹ اور پل کی تیاری کے ساتھ ساتھ فٹ ورک بہتر ہوگا۔
عثمان خان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے تیاری اچھی جا رہی ہے، وہاں کی کنڈیشن مختلف ہوتی ہے، ابتدائی وکٹیں صرف پاکستان ہی کی نہیں آسٹریلیا کی بھی گر جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی بہت دور ہے، اس کا نہیں سوچ رہا ابھی توجہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز پر ہے۔ پاکستان سے چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتا ہوں، کوئی بھی نمبر ملے کوشش رنز بنانے کی ہوتی ہے، ملتان سلطان میں محمد رضوان کے ساتھ کھیلتا ہوں، محمد رضوان کی تال میل سب کھلاڑیوں کے ساتھ رہتی ہے۔