مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی سردار علی امین گنڈاپور نے تمام رکاوٹیں عبورکرکے پورا پنجاب اور لاہورگھوم کر اپنا چیلنج پورا کر دیا،اب عمران خان کی رہائی کو کوئی نہیں روک سکتا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اٹک پل پار کرنے کی دھمکیاں دیتے تھے، وزیراعلی اٹک پل پار بھی گئے بلکہ پورا لاہور اور پنجاب بھی گھوم آئے ہیں۔
وزیر اطلاعات کے پی کے کہا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود علی امین گنڈاپور جلسہ گاہ پہنچے، جب گنڈاپور نے چیلنج پورا کیا تو جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے راستہ روکا گیا اور مینڈیٹ چوروں نے وزیر اعلی کے پی کے پہنچنے سے پہلے ہی جلسہ ختم کروا دیا۔
انہوں نے کہا کہ کل پورا پاکستان عمران خان کیلئے نکلا ہے،عمران خان کی رہائی کو اب کوئی بھی نہیں روک سکتا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا مقرر وقت (6 بجے) ختم ہونے کے بعد پولیس نے جلسہ گاہ کی لائٹس اور ساؤنڈ سسٹم بند کروا کے رہنماؤں کو اسٹیج سے نیچے اتار دیا تھا اور سردار علی امین گنڈاپور جلسہ ختم ہونے کے بعد پنڈال میں پہنچے تھے