ارشد ندیم نے پاکستانی اداکارہ مشی خان کو ناراض کردیا

 معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان مشی خان نے پیرس اولمپکس 2024 میں جیولین تھرو میں گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے مبینہ تکبر پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

 سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ارشد ندیم کو میاں چنوں کے ایک مقامی رپورٹر کو نظر انداز کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں رپورٹر نے ارشد ندیم سے سوال کیا کہ چیمپئن بننے کے بعد آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں لیکن ارشد ندیم کوئی جواب دیے بغیر وہاں سے چلے گئے۔

رپورٹر ہاتھ میں مائیکروفون لے کر اس کے پیچھے آیا اور پوچھا کہ خوشی کا موقع ہونے کے باوجود آپ بولنے کو کیوں تیار نہیں ہیں؟

ارشد ندیم نے رپورٹر کو جواب دیا کہ میں کہیں جارہا ہوں اور دیر ہورہی ہے جس کے باعث بات نہیں کرسکتا۔

ویڈیو وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین نے ارشد ندیم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا کو افراد کی پرائیویسی کا احترام کرنا چاہیے۔

دوسری جانب اداکارہ مشی خان نے وائرل ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیسہ اور شہرت اکثر لوگوں کو مغرور بنا دیتی ہے۔

مشی خان نے طنزیہ انداز میں کہا ’’واہ! کیسا غرور ہے۔ یقیناً، آپ کو دیر ہورہی تھی جس کے باعث آپ جلدی جارہے تھے  لیکن آپ کم از کم سوال کا جواب تو دے سکتے تھے۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں جنہوں نے پیرس اولمپکس 2024 میں 92.97 میٹر جویلین پھینک کر 40 سال میں پاکستان کو پہلا اولمپک گولڈ میڈل جیتایا تھا۔ اس سے قبل پاکستان کا آخری اولمپک تمغہ 8 اگست 1992 کو ہاکی ایونٹ میں کانسی کا تھا اور آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی میں تھا جو 1984 میں جیتا تھا۔

Leave a Comment