اسلام آباد،یونیورسٹی کے قریب سے منشیات فروش گرفتار، طلبہ کو فروخت کا اعتراف

وفاقی دارالحکومت کی معروف یونیورسٹی کے قریب سے منشیات فروش کو گرفتار کرلیا گیا، جس نے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے تعلیمی اداروں میں منشیات کی فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اسی سلسلے میں اسلام آباد میں ایک کارروائی کے دوران معروف یونیورسٹی کے قریب سے منشیات فروش ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔یونیورسٹی کے مین گیٹ کے قریب گاڑی کی تلاشی لی گئی، جس کی سیٹوں میں مہارت سے چھپائی گئی 1.2 کلو گرام چرس اور 151 گرام آئس برآمد کرلی گئی جب کہ ملزم نے تفتیش کے دوران یونیورسٹی کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کرلیا۔

ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات کا پھیلاؤ نوجوانوں اور معاشرے کے لیے خطرے کا باعث ہے۔ اے این ایف کا منشیات کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہیگا تاکہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے بچایا جا سکے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے پر پْرعزم ہے۔

Leave a Comment