مبینہ غیر ملکی خاتون کو ہاتھ پائوں باندھ کر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے جی 6 کی گلی میں پھینکنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی کی زیرِ نگرانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق خاتون بیان دینے سے انکاری ہے، جس نے خود کو بیلجیئم کا شہری بتایا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق بیلجیئم کے سفارت خانے نے خاتون کی شہریت کی تصدیق سے انکار کر دیا، خاتون کی ٹریول ہسٹری بھی تا حال معلوم نہیں ہو سکی۔
پولیس ذرائع نے بتایاکہ خاتون سے بیان دینے کا پوچھو تو کہتی ہے کہ مجھے نیند آئی ہے، مجھے کچھ پتہ نہیں، خاتون کی زبان اردو اور پوٹھوہاری لگتی ہے۔اس صورتِ حال پر پولیس نے نادرا سے بائیو میٹرک کے ذریعے ڈیٹا چیک کروانے کا فیصلہ کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شخص کے مطابق چند روز قبل بارش کے باعث خاتون گھر آئی تھی، خاتون بھیگی ہوئی تھی، جسے گھر کے کپڑے فراہم کیے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شخص نے بتایا ہے کہ خاتون کو تھانہ ویمن پولیس چھوڑ کر آیا تھا، پھر خاتون کو پولیس نے لا وارث ہونے کی بنا پر ایدھی ہوم چھوڑا۔پولیس ذرائع نے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کو کس نے باندھا؟ کس نے گلی میں پھینک دیا؟ یہ تا حال معلوم نہیں ہو سکا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق خاتون کی جانب سے تفتیشی ٹیم سے تعاون نہیں کیا جا رہا ہے