افتخار احمد، محمد رضوان نوجوان نیٹ باؤلر کے سامنے ناکام

آئی سی سی ٹی20 ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلے ہی راؤنڈ یعنی گروپ اسٹیج سے باہر ہونے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور آل راؤنڈر افتخار احمد کو پریکٹس کے دوران بھی منہ کی کھانی پڑی، مقامی نیٹ باؤلر نعمان خان خیرہ کے خلاف دونوں انٹرنیشنل کھلاڑی مشکلات کا شکار نظر آئے۔

 سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ محمد رضوان اور افتخار احمد پریکٹس کے دوران نعمان خیرہ کی شاندار گیندوں کو ریڈ کرنے میں ناکام رہے اور کوئی اچھا شاٹ کھیلنے میں بھی ناکام ہوئے۔

 

نوجوان باؤلر نعمان خان خیرہ نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تجربہ کار انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو نیٹ میں سخت محنت کروائی اور شکست سے دوچار کیا۔

 

سوشل میڈیا پر محمد رضوان اور افتخار احمد کی پریکٹس ویڈیو وائرل ہوئی تو کرکٹ شائقین نے دونوں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک صارف نے لکھا کہ  ان مقامی لڑکوں کو پاکستان کی انٹرنیشنل ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے اور جو تجربہ کار، سنیئر کھلاڑی ٹیم کے لیے کھیل رہے ہیں انہیں اب آرام دینا چاہیے ۔

 

ایک اور کرکٹ صارف نے طنز اور تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ  یہ کھلاڑی امریکا کے پارٹ ٹائم سافٹ ویئر انجینئرز کیخلاف بھی مشکلات میں گھرے نظر آئے تھے اور ناکام رہے تھے ۔

 

آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں بری کارکردگی کے بعد سے پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت پوری ہی کرکٹ ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹیم کی  بڑی سرجری  کا اعلان کیا تھا۔

 

تاہم حالیہ رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ تنازعات سے بچنے کے لیے محسن نقوی کی جانب سے فی الحال ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان نہیں ہے۔

Leave a Comment