امریکا میں کتے نے 84 سالہ مالک کی جان بچالی

امریکا کی ریاست واشنگٹن میں ایک حیرانگیز واقعہ پیش آیا ہے،جہاں ایک کتے نے اپنی وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے 84 سالہ معمر مالک کی جان بچائی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ اسٹیونز کاؤنٹی کے ایک دیہی علاقے میں پیش آیا،جہاں ایک 84 سالہ شخص گرنے سے شدید زخمی ہو گیا۔اس حادثے میں اس کی ٹانگ کو نقصان پہنچا،جس کی وجہ سے وہ کئی گھنٹوں تک اٹھ نہیں سکا اور مدد کے لیے چیختا چلاتا رہا،مالک کی یہ حالت دیکھ کر کتا فوراً حرکت میں آیا اور مدد حاصل کرنے کیلئے رات کے اندھیرے میں سڑک پر جا پہنچا۔

کتے نے سڑک کے درمیان بیٹھ کر اس وقت تک انتظار کیا جب تک کہ مقامی شیرف کا نائب وہاں نہیں پہنچ گیا،ڈپٹی شیرف نے کتے کو دیکھتے ہی اسے اپنی گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی،مگر کتا اپنی جگہ سے ہلا نہیں۔اس عجیب رویے کو دیکھ کر ڈپٹی شیرف کو شک ہوا کہ کچھ نہ کچھ گڑبڑ ہے۔اس نے آس پاس کے گھروں میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیا،مگر وہ کتے کے مالک کو تلاش نہیں کر سکا۔

اس کے بعد ڈپٹی شیرف دوبارہ کتے کے پاس پہنچا تو اس بار کتے نے آہستہ آہستہ ایک سمت میں چلنا شروع کردیا،ڈپٹی نے اس کا پیچھا کیا اور وہ اسے ایک قریبی کیبن تک لے گیا،جہاں معمر شخص مدد کے لیے پکار رہا تھا۔اس کی صحت خراب تھی اور اسے فوری طبی امداد اور مخصوص ادویات کی ضرورت تھی،جو فوری طور پر اسے دے دی گئیں۔

شیرف آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کتا حقیقی ہیرو ہے جس نے اپنے 84 سالہ مالک کی زندگی بچائی۔25 ستمبر کو پیش آنے والا یہ واقعہ ایک مثال بن گیا ہے کہ کس طرح وفادار جانور اپنے مالکان کیلئے ناقابل یقین حد تک وفادار ہوتے ہیں۔

Leave a Comment