نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) انتقال کرنے والے کے شناختی کارڈ منسوخ کروانے کے لیے شہریوں کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق نادرا آرڈیننس کے سیکشن 17 اے کے تحت مرنے والے شہری کے پاس ہونے کے 60 دن کے اندر اس کا شناختی کارڈ منسوخ کروانا لازمی ہے۔
نادرا نے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کے لیے متوفی خاندان کے افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت متوفی کا کوئی بھی قریبی رشتہ دار (متوفی کے والدین، شریک حیات، بچے، بھائی، بہن اور جن کا اندراج متوفی کے خاندانی ریکارڈ میں موجود ہو) ضروری دستاویزات فراہم کرکے وفات پانے والے شخص کا سی این آئی سی منسوخ کراسکتا ہے۔
ضروری یا مطلوبہ دستاویزات میں متوفی کا اصل شناختی کارڈ یا اصل شناختی کارڈ نہ ہونے کی صورت میں شناختی کارڈ نمبر، یونین کونسل، کنٹونمنٹ بورڈ یا تحصل میونسپل دفتر سے جاری شدہ کمپیوٹرائزڈ ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور تدفین کا سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ وفات کی صورت میں شناختی کارڈ منسوخ کرانے کی کوئی فیس نہیں وصول کی جاتی اور منسوخی سرٹیفکیٹ کی فراہمی 7 دن میں ہوتی ہے۔
غلط استعمال کو روکنے کے لیے نادرا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ رجسٹریشن سنٹر میں متوفی کا اصل شناختی کارڈ ضائع کردیا جائے