انڈین ریاست اتر پردیش کے گونڈا ضلع میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک مسافر ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اترنے سے دو افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ یوگی نے فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
اتر پردیش کے گونڈا ضلع میں جمعرات کو ٹرین حادثہ پیش آیا۔ چندی گڑھ سے ڈبرو گڑھ جانے والی ٹرین نمبر 15904 (چندی گڑھ-ڈبرو گڑھ ایکسپریس) کے کئی ڈبے گونڈا-جھلاہی ریلوے سیکشن کے پکاورا اسٹیشن کے قریب الٹ گئے۔
اس حادثے میں اب تک دو افراد کی موت ہو چکی ہے جب کہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سوشل میڈیا پر کئی ایسی تصاویر بھی سامنے آ رہی ہیں جن میں افراتفری کا ماحول دکھائی دے رہا ہے۔
معلومات کے مطابق یہ حادثہ جھلاہی ریلوے اسٹیشن سے کچھ فاصلے پر پیکورا کے قریب پیش آیا۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ٹرین کی اے سی کوچ حادثے کا شکار ہو گئی ہے۔
ریلوے انتظامیہ اور ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی ہے۔ زخمیوں کو ہسپتال لے جانے اور ریل ٹریفک کو بحال کرنے کا کام جاری ہے۔
دوسری جانب پٹڑی سے اتری ہوئی بوگیوں کو ہٹانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ حادثے کی وجہ سے گورکھپور ریلوے سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت میں خلل پڑا ہے۔
یوپی اور آسام کے وزیراعلیٰ نے چندی گڑھ ڈبروگڑھ ایکسپریس کے اس حادثے کا نوٹس لیا ہے۔ اتر پردیش کے سی ایم او کی جانب سے کہا گیا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے گونڈا ضلع میں ٹرین حادثے کا نوٹس لیا ہے۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر موقع پر پہنچ کر راحتی کام میں تیزی لائیں ۔
دوسری جانب آسام کے سی ایم او نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتر پردیش میں ڈبرو گڑھ-چندی گڑھ ایکسپریس کے پٹری سے اترنے کے بارے میں وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور آسام حکومت متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے۔