ی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے فون پر ٹیکس ختم کئے جانے کی خبر جھوٹ پر مبنی ہے ۔
پچھلے کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کررہی تھی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے ساتھ فون لانے پر جو ٹیکس دینا پڑتا تھا اس کو ختم کردیا گیا ہے اب اوورسیز پاکستانی اپنے ساتھ کوئی بھی فون لاسکتے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اس خبر کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے، پی ٹی اے کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کے بیرون ملک سے پاکستان فون لانے پر ٹیکس لاگو ہے اور اس کو ختم نہیں گیا گیا ۔
دوسری جانب پی ٹی اے زونل آفس پشاور نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ساتھ مل کر مینگورہ، بری کوٹ اور بٹ خیلہ میں ایک موبائل فون کمپنی کی فرنچائز اور غیر قانونی سمز ایکٹیویشن میں ملوث گروہ پر کامیاب چھاپے مارے۔
پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق فرنچائز اور گینگ سموں کے غیر قانونی اجراء میں ملوث تھے جو کہ گرے ٹریفکنگ اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھیں۔
چھاپوں کے دوران 33 بی وی ایس ڈیوائسز، 6 لیپ ٹاپ، 10 موبائل اور 600 سمیں بطور ثبوت قبضے میں لے لی گئیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے 10 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ معاملے کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔
قبل ازیں پی ٹی اے نے سیلز چینل کی جانب سے سموں کے غیر قانونی اجراء سے متعلق معلومات کی بنیاد پر ایف آئی اے کو شکایات درج کرائی تھیں۔یہ چھاپے سموں کے غیر قانونی اجراء کی روک تھام کے لئے پی ٹی اے کی مسلسل کاوشوں کا حصہ ہیں۔