ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے نکاح کیس میں سزا معطلی کی اپیل کل مقررکرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر زندہ رہاتو10 دن میں فیصلہ کردوں گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اپیلوں پر سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے کی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل ایڈوکیٹ عدالت پیش ہوئے، عثمان ریاض گل ایڈوکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ عدالت پیش کیا۔
عثمان ریاض گل ایڈوکیٹ نے کہا ڈائریکشن آچکی ہے، کل کے لیے رکھ لیں، جج افضل مجوکا نے کہا اگرمیں زندہ رہاتودس دنوں میں فیصلہ کردوں گا،کل ممکن نہیں، بہت سی ضمانت کی درخواستیں لگی ہوئی ہیں، اگر دوسری پارٹی پیش نہ بھی ہوئی تب بھی فیصلہ کردوں گا۔
عثمان ریاض گل ایڈوکیٹ نےکہا کل کے لیے سماعت رکھ لیں، نوٹس ریکارڈ کا حصہ ہوجائیں گے، جس پر جج افضل مجوکا نے کہا آج کی سماعت کا آرڈر لکھ رہاہوں اس میں نوٹس سےبڑا کچھ ہوگا۔
عدالت نے نکاح کیس میں سزا معطلی کی اپیل کل مقرر کرنے کی استدعا مسترد کردی جبکہ سزا کیخلاف اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواستوں پرعدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
عدالت نے کہا خاور مانیکا اور ان کے وکیل 21 جون کو عدالت پیش ہوں بصورت دیگرریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دیا جائےگا۔