بابر، شاہین اور رضوان کی کینیڈا لیگ سے چھٹی ؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پالیسی کی وجہ سے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان کو کینیڈا کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کے لیے این او سی ملنے کا امکان نہیں ہے۔
کینیڈا کی یہ لیگ 25 جولائی سے 11 اگست تک کھیلی جائے گی، جو کہ کسی سیریز سے متصادم نہیں ہے۔
تاہم، ذرائع کے مطابق پی سی بی کی موجودہ پالیسی کے تحت ان کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔
 پی سی بی کی پالیسی ہے کہ آل فارمیٹ پلیئرز کو مصروف انٹرنیشنل شیڈول کی وجہ سے غیر ملکی لیگز کے لیے این او سی نہیں دیا جاتا۔
حال ہی میں نسیم شاہ کو بھی دی ہنڈریڈ لیگ کے لیے این او سی نہیں ملا تھا کیونکہ وہ بھی آل فارمیٹ پلیئر ہیں۔
ذرائع کے مطابق گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا کو تاحال آئی سی سی کی منظوری نہیں ملی ہے۔ آئی سی سی نے کئی معاملات کی وجہ سے اس لیگ کی منظوری روک رکھی ہے۔
 لیگ کی منظوری کے بعد ہی کھلاڑیوں کے این او سی کا باضابطہ فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ محمد عامر، محمد نواز، آصف علی اور افتخار احمد بھی اس لیگ میں مختلف ٹیموں کے ساتھ معاہدے کر چکے ہیں۔
چند روز قبل پی سی بی نے غیر ملکی لیگز میں شرکت کے لیے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے کے عمل کو مزید سخت بنانے کا اعلان کیا تھا۔
 پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ غیر ملکی لیگز میں شرکت کے لیے این او سی کے اجرا کا ایک تکنیکی طریقہ کار طے کیا جائے گا اور صرف اس پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو ہی این او سی جاری کیا جائے گا۔
یہ سخت پالیسی پی سی بی کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ قومی کرکٹرز کی مصروفیات کو منظم کیا جا سکے اور ان کی بہترین کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Comment