پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے قومی ٹیم کے اسٹار بلےباز اور سابق کپتان بابر اعظم کی ٹی 20 ٹیم میں جگہ ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے ایک بڑا بیان دیا ہے۔
ہیڈ کوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سینیئر کھلاڑی جیسے کہ بابر اعظم اور رضوان کی ٹیم میں بہت اہمیت ہے،انہوں نے پاکستان کیلئے سالوں تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
نجی نیوز چینل کی خبر کے مطابق بابر اعظم اس وقت تمام فارمیٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپارہے،حال ہی میں آسٹریلیا کیخلاف 3 میچوں کی ٹی 20 سیریز میں انہوں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 47 رنز بناسکے۔اس سیریز میں آسٹریلیا نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو 3 میچوں میں پےدرپے شکست سے دوچار کر کے وائٹ واش کیا تھا۔
آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں سابق کپتان بابراعظم کی کارکردگی پر بات چیت کرتے ہوئے گزشتہ دنوں سابق کرکٹر باسط علی نے ایک دعویٰ کیا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف تیسرا ٹی 20 میچ اس فارمیٹ میں بابراعظم کا آخری میچ ہو سکتا ہے۔
باسط علی نے ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ عاقب جاوید کے ہیڈ کوچ مقرر ہونے کے بعد بابراعظم کا یہ آخری ٹی 20 میچ ہو سکتا ہے،کیوںکہ عاقب بابر کے ناقدین میں سے ایک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی 10 کا شیڈول جاری
دوسری جانب عاقب جاوید نے میڈیا سے گفتگو میں باسط کے اس دعوے کو مکمل طور پر مسترد کیا اور بابراعظم کی قومی ٹیم کیلئے سرانجام دی جانے والی سالوں کی خدمات کو یاد دلایا۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ سینیئر کھلاڑی جیسے کہ بابر اور رضوان کی ٹیم میں بہت اہمیت ہے،انہوں نے پاکستان کیلئے سالوں تک کارکردگی دکھائی ہے،ہر فرد کی اپنی رائے ہوتی ہے مگر ہمارا فوکس کسی انفرادی کھلاڑی کو نشانہ بنانے پر ہرگز نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر کسی نے دیکھا کہ بابراعظم نے آخری 3 ون ڈے میچوں میں کس طرح کا کھیل کھیلا،جب آپ کوچ یا سلیکٹر بنتے ہیں تو یہ انفرادی پسند یا ناپسند کی بات نہیں ہوتی،آپ کا مقصد پاکستان کرکٹ کو بہتر بنانا ہی ہوتا ہے۔
اس کےعلاوہ پاکستان وائٹ بال ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ ابھی ہمارا فوکس ون ڈے کرکٹ اور چیمپنز ٹرافی پر ہے،فخر زمان کے ساتھ فٹنس مسائل ہیں،حل ہو جائیں گے تو وہ ٹیم میں شامل ہوں گے ۔