نیپرا کی جانب سے منظور کردہ ونٹر پیکچ کے تحت صارفین کو بجلی کے اضافی یونٹس پر رعایتی نرخ فراہم کیے جائیں گے، نیپرا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ونٹر پیکیج دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک نافذ العمل ہوگا۔ اس سکیم کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ استعمال ہونے والے یونٹس کے لیے نرخ 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت کی ابتدائی درخواست میں صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین کو شامل نہیں کیا گیا تھا، تاہم نیپرا نے ان صارفین کو بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔
نیپرا نے اکتوبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 14 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی ہے۔ سی پی پی اے جی کی جانب سے 1 روپے 1 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست دی گئی تھی جس پر نیپرا نے 26 نومبر کو عوامی سماعت کے بعد مزید رعایت فراہم کی۔
یہ کمی ڈسکوز کے تمام صارفین پر نافذ ہوگی سوائے لائف لائن، پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے۔ تاہم یہ سہولت کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوگی۔
نیپرا کے مطابق صارفین کو یہ ریلیف دسمبر کے بلز میں فراہم کیا جائے گا جس سے موسم سرما میں بجلی کے اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی۔