بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار نیتن چوہان نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے ۔
35 سالہ اداکار نیتن چوہان جو مختلف ٹی وی شوز میں اپنی شاندار اداکاری کیلئے جانے جاتے تھے،ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے،پولیس کی جانب سے اکٹھے کیے جانے والے ابتدائی شواہد کے مطابق یہ واقعہ خودکشی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ نیتن چوہان نے اپنے کیریئر کا آغاز 2009 میں رئیلٹی شو داداگیری 2 سے کیا تھا جس کے وہ فاتح رہے،اسی شو نے انہیں مقبولیت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
اس کے بعد انہوں نے مختلف ٹی وی شوز جیسے ایم ٹی وی اسپلٹز ولا اور کرائم پیٹرول میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ نیتن چوہان کی بہترین کارکردگی اور اسکرین پر ان کی موجودگی کو خوب سراہا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نیتن کافی عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار تھے اور ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔ان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ نیتن کو گزشتہ تین چار سال سے کوئی نیا پروجیکٹ نہیں ملا،جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی دباؤ اور بے روزگاری کا شکار تھے۔
نیتن کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ بہت حساس طبیعت کے مالک تھے اور ان کے مالی مسائل اور پیشہ ورانہ عدم استحکام نے ان کے ذہنی سکون کو متاثر کیا تھا۔
ان کی موت پر ان کے ساتھی فنکاروں اور دوستوں نے شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔اداکارہ ویبھوٹی ٹھاکر نے انسٹاگرام پر ان کی بلیک اینڈ وائٹ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میرے عزیز، (RIP)سکون میں رہو،مجھے واقعی بہت افسوس ہے، کاش تم مشکلات کا سامنا کر سکتے۔
اسی طرح ٹی وی اداکار سدھیپ سہیر نے بھی نیتن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا (RIP)سکون میں رہو، دوست۔
واضح رہے کہ نیتن کا تعلق علی گڑھ،اتر پردیش سے تھا۔ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے پتہ چلتا ہے کہ وہ فٹنس کے شوقین تھے۔ ان کی آخری اسکرین پر موجودگی 2022 میں ڈرامے تیرا یار ہوں میں،میں تھی۔ اس کے بعد نیتن کام نہ ملنے اور بڑھتے ہوئے مالی دباؤ کی وجہ سے اسکرین سے اوجھل ہو گئے تھے