بےروزگار نوجوانوں کو قرضے دینے کا فیصلہ

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو خود کفیل بنانا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں چیف منسٹر آسان کاروبار فنانسنگ اسکیم پر اتفاق کیا گیا، جس کے تحت نوجوانوں کو 1 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے 3 کروڑ روپے تک قرضے دینے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ اسکیم کے تحت بلاسود قرضے دیے جائیں گے، جس سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔قرض کی واپسی کیلئے 5 سال کا وقت دیا جائے گا، جب کہ قرض کی پہلی قسط کیلئے 3 ماہ کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگا۔

خیال رہے کہ اجلاس میں بڑے شہروں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کیلئے علیحدہ زون مختص کرنے اور منتخب تجارتی سیکٹرز کو ترجیحی بنیادوں پر قرضے فراہم کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کاروبار کارڈ مخصوص شعبوں میں استعمال ہوگا، تاہم ریسٹورنٹس اور دیگر چند غیر متعلقہ ایریاز میں اس کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی اسٹارٹ اپس کیلئے خصوصی قرضے ترجیحی بنیادوں پر دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تجارت اور صنعت کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، تاکہ صوبے میں معاشی ترقی کو تقویت دی جا سکے۔

 

Leave a Comment