خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے دن بہ دن بڑھتی مہنگائی میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ایک بار پھر اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ میں گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا تھا جو بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم کے مطابق گریڈ 17 سے اوپر تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے گا جبکہ پنشن میں بھی مزید 10 فیصد اضافہ کر لیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت نے ایک سے 16 گریڈ کے ملازمین کے لیے 25 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر کے لیے 20 فیصد جبکہ پنشن 15 فیصد بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ اب وفاق کی طرز پر خیبر پختونخوا کابینہ نے بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی منظوری دے دی۔
انہوں نے بتایا کہ تنخواہوں میں مزید اضافے کا اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا۔ تنخواہوں میں اضافے سے صوبے کے خزانے پر 75 سے 80 ارب روپے کا مزید بوجھ پڑے گا۔
یاد رہے خیبر پختونخوا حکومت نے بجٹ میں تمام سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔