پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے نئے تعینات ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں بھارت کی شرکت میں سہولت فراہم کر کے اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کریں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے جے شاہ کی تقرری کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت کرکٹ کے کھیل کو عالمی سطح پر ترقی دے گی۔
یونس خان نے کہا کہ جے شاہ کی بطور آئی سی سی چیف تقرری سے کرکٹ کو ترقی ملنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ “جے شاہ کو سپورٹس مین سپرٹ دکھانے کی ضرورت ہے کیونکہ آئی سی سی کے سربراہ کے اچھے اقدامات سے بھارت کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان آ سکتا ہے۔
اسی طرح پاکستان بھارت کا دورہ کر سکتا ہے۔ سابق کپتان یونس خان نے مزید کہا کہ کھلاڑی اپنے آپ سے نکلیں اور ملک کے لئے کھیلیں ، ہوم گراؤنڈ کا دباؤ ہمیشہ ہی ہوتا ہے ، کھلاڑی دباؤ برداشت نہیں کرسکتے تو پھر ان کا کیا فائدہ ہے، ہمارے کھلاڑی گرتے ہیں تو گرتے ہی چلے جاتے ہیں ، کھلاڑیوں کو اپنے مورال کو بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس وقت کامیابیاں حاصل کیں جب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوتی تھی ، اس دوران ہم نے ورلڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا اور ٹیسٹ چیمپئن بنے۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ 10 سال کے دوران ڈومیسٹک سٹرکچر میں تبدیلی ہماری تباہی کی ذمہ دار ہے ، مجھے نہیں معلوم چیئرمین پی سی بی نے ڈومیسٹک میں ٹیلنٹ نہ ہونے کی بات کیوں کی ، ہمارے پاس سٹار کھلاڑی اور ڈومیسٹک میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، کلب کرکٹ ہی سٹرکچر کو مضبوط کرتا ہے۔