بنگلادیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے کھانے کے وقفے پر ایک وکٹ کے نقصان پر 99 رنز بنالیے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلادیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن عبد اللہ شفیق پہلے ہی اوور میں تسکین احمد کی گیند پر صفر پر بولڈ ہو گئے۔
بنگلہ دیشی کپتان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں پاکستان کو جلد آؤٹ کرکے برتری حاصل کریں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ میچ میں فتح کیلئے بے چین ہیں، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ انکی جگہ ابرار احمد اور میر حمزہ کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا ہے۔
دوسرے روز کھانے کا وقفہ 12 بجے ہو گا اور دوسرا سیشن 12 بج کر 40 منٹ پر شروع ہوگا جبکہ چائے کا وقفہ 2 بج کر 55 منٹ پر ہوگا اور تیسرا سیشن 3 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوگا، دوسرے روز کا کھیل 5 بج کر 15 منٹ تک جاری رہیگا۔
دوسرے روز کے کھیل میں اوورز مکمل کرنے کے لیے 30 منٹ کی توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے روز کا کھیل مسلسل بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ختم کردیا گیا تھا جبکہ خراب موسم کی وجہ سے ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا تھا۔ پاکستان کے سکواڈ میں کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، وکٹ کیپر محمد ضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، نسیم شاہ، خرم شہزاد، محمد علی، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔ بنگلادیش کا اسکواڈ کپتان نجم الحسین شانتو، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الاسلام، مشفق الرحیم، لٹن داس، شکیب الحسن، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، حسن محمود اور ناہید رانا پر مشتمل ہے۔