جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ دھماکا آئی ای ڈی ہے، دھماکے کا نشانہ بننے والی گاڑی میں غیر ملکی شہری سوار تھے۔
وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ دھماکے میں ایک غیرملکی شہری زخمی ہوا ہے، دھماکے کے مقام پر کافی گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں، دھماکےمیں ایک پولیس افسر اور 3اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
ضیاالحسن لنجار کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعلق مزید معلومات حاصل کررہے ہیں، مزید شواہد کو دیکھ کر ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے مقام سے چینی افراد قافلہ پہلے ہی گزر چکا تھا جس کے فوری بعد دھماکا ہوا،
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متعلق کوئی سیکیورٹی الرٹ نہیں تھا، دھماکے میں 4پولیس اہلکار اور کچھ رینجرز کے اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے کی اطلاعات سامنے آنے کے فوری بعد وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر سے رابطہ کیا اور کہا کہ حقائق سے فی الفور آگاہ کیا جائے۔
ایس ایس پی ملیر نے وقوعہ سے متعلق تمام حقائق جلد عوام کے سامنے لانے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ علاقہ پولیس اور افسران جائے وقوع پر موجود ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تفصیلات میں تمام پہلوؤں اور زاویوں کا احاطہ کیا جائے، ریسکیو کے عمل کو تیز کیا جائے اور متاثرہ شہریوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا جائے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس کو فون کرکے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کرکے رپورٹ دیں اور ایئرپورٹ کے اطراف راستے ٹریفک کی روانی کے لیے بحال رکھیں۔