پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر زلفی بخاری کو اہم ذمہ داری تفویض کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق زلفی بخاری کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مشیر برائے بین الاقوامی تعلقات مقرر کر دیا گیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق زلفی بخاری کے پاس بین الاقوامی میڈیا کا چارج بھی رہے گا۔
زلفی بخاری کی تقرری کی منظوری سابق وزیراعظم عمران خان نے دی ہے۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے زلفی بخاری کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 12 مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواستوں پر پراسیکیوٹر جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو کل طلب کرلیا۔
جسٹس طارق سیلم شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کی بارہ مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔
وکیل بانی پی ٹی آئی نے موقف اپنایا کہ قانون کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جسمانی ریمانڈ کے دوران فزیکل عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، اس بنیاد پر اے ٹی سی عدالت کا جسمانی ریمانڈ غیر قانونی ہے، عدالت بانی پی ٹی آئی کا جسمانی ریمانڈ غیر قانونی قرار دے۔
جسٹس انوار الحق نے بانی پی ٹی آئی وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے، تاکہ ملزم جج صاحب کے سامنے پیش ہو کر اپنی بات بیان کرسکے۔
جس پر وکیل عثمان ریاض گل نے جواب دیا کہ جی بالکل قانون بھی یہی کہتا ہے۔ قانون کے مطابق ملزم کی فزیکل حاضری عدالت میں لازمی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر درج مقدمات اور الزامات کی نوعیت سمیت دیگر تفصیلات طلب کرلیں۔ عدالت نے پراسکیوشن سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کل تک جواب طلب کرلیا۔