پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سائرہ یوسف کی ایک “چوری” کرتے ہوئے وائرل ہونے والی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا، تاہم اب اس ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔
اداکارہ نے وضاحت دی ہے کہ یہ ویڈیو دراصل ایک چاکلیٹ برانڈ کی تشہیری مہم کا حصہ تھی، نہ کہ کسی حقیقی واقعے کی عکاسی تھی۔
چند دن قبل سائرہ یوسف کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں انہیں ایک اسٹور سے اشیاء چراتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو میں اداکارہ کو خفیہ کیمرے کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا تھا جہاں وہ اپنی بیگ میں اشیاء رکھتے ہوئے نظر آئیں۔
ویڈیو کی غیر معمولی واضح کوالٹی نے شائقین کو شک میں ڈال دیا کہ یہ کوئی حقیقی واقعہ نہیں بلکہ ایک منصوبہ بند تشہیری مہم ہو سکتی ہے۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے یہ خیال بھی ظاہر کیا کہ ویڈیو ممکنہ طور پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کی مدد سے بنائی گئی تھی۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سائرہ یوسف نے چند دن تک خاموشی اختیار کیے رکھی جس سے افواہیں مزید زور پکڑ گئیں۔ سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی گئیں، کچھ لوگوں نے اداکارہ کے کردار پر بھی سوال اٹھائے۔
اب سائرہ یوسف نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک وضاحتی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ وائرل ہونے والی “چوری” کی ویڈیو دراصل ایک مشہور چاکلیٹ برانڈ کی تشہیری مہم کا حصہ تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ ویڈیو ایک تخلیقی مہم کا حصہ تھی، جس کا مقصد ناظرین کو چونکا کر مصنوعات کی جانب متوجہ کرنا تھا۔
چاکلیٹ برانڈ کے اس منفرد اور تخلیقی اشتہار نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔ برانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے یہ ویڈیو اس نیت سے بنائی تھی کہ صارفین اس پر بحث کریں اور ہماری مصنوعات کی جانب راغب ہوں۔
ویڈیو کے اصل مقصد کے سامنے آنے کے بعد مداحوں نے اداکارہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک چاکلیٹ برانڈ کے لیے بے حد مہارت سے کام کیا۔ تاہم، کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ اس قسم کے اشتہارات عوام کو گمراہ کر سکتے ہیں