سعودی عرب کی پاکستانی سیاحوں کیلئے ویزا شرائط میں نرمی

سعودی عرب نے پاکستانی سیاحوں کیلئے وزٹ ویزا کی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے 750 امریکی ڈالر ماہانہ کریڈٹ یا اس کے مساوی رقم والے بینک اسٹیٹمنٹ کی شرط متعارف کرائی ہے۔
 2023 ءمیں گذشتہ سال کے مقابلے میں 43 فیصد زائد پاکستانی سیاحوں نے سعودی عرب کا وزٹ کیا، اور 2024 ءمیں 27 لاکھ پاکستانی سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔
سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور ملتان میں 6 تشہیر دفاتر قائم کیے گئے ہیں، جہاں ویزا درخواست کی رہنمائی، بائیومیٹرک اندراج، اسٹیٹس ٹریکنگ اور پاسپورٹ کی ڈیلوری کی خدمات پیش کی جاتی ہیں۔
طویل انتظار سے بچنے کیلئے مسافر اپنے دورے سے پہلے تشہیر کی ویب سائٹ پر اپائنٹمنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
 سعودی عرب نے پاکستانیوں کیلئے ٹرانزیٹ ویزا بھی متعارف کرایا ہے جو سعودی ایئر لائن اور فلائی ناس کے ذریعے آنے والے مسافروں کیلئے دستیاب ہے، جس سے سیاح 96 گھنٹے تک سعودی عرب کا دورہ کرسکیں گے۔
 آن ارائیول ویزا ان مسافروں کیلئے دستیاب ہے جن کے پاس برطانیہ، امریکہ یا شینگن ویزا ہو۔
گذشتہ سال سعودی عرب نے پاکستانی مسافروں کیلئے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا بھی متعارف کرایا تھا، جس کے تحت مسافر ایک سال کے دوران سعودی عرب کے متعدد دوروں میں مختلف شہروں کی ثقافت اور قدرتی عجائبات سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور عمرہ بھی کرسکتے ہیں۔
یہ اقدامات مقدس مقامات کے روحانی سفر اور باہمی ثقافت کو فروغ دینے کے سعودی عرب کے عزم کو اجاگر کرتے ہیں۔
ویزا کو آسان بنانے سے پاکستانی شہریوں کو نہ صرف اپنے دوست احباب اور اہلِ خانہ سے ملنے اور عمرہ ادا کرنے کی ترغیب ملے گی بلکہ ریاض، جدہ، بحیرہ احمر اور العلا کے مقامات کی سیر کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
 سعودی عرب سیاحوں کیلئے سارا سال بہترین منزل ہے جہاں گرمیوں میں ٹھنڈے اور سردیوں میں متحرک موسم سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

Leave a Comment