قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف کا کہنا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی ہے کہ بابراعظم کپتانی سیاست میں کیوں پھنس رہے ہیں۔ یوٹیوب پر معروف اینکر آفتاب اقبال کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق کرکٹر و فاسٹ بولر محمد آصف نے کہا کہ بابر اعظم پاکستانی ٹیم کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہیں، وہ پرفارم کرتے ہیں تو ٹیم کا سکور بہتر ہوتا ہے، مجھے نہیں سمجھ آرہا ہے کہ وہ کیوں کپتانی کی سیاست میں پڑ رہے ہیں۔
محمد آصف کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم میں بابر اعظم کے علاوہ کوئی ایسا بلےباز نہیں جو اننگز کو اختتام تک لیکر چل سکے، انہیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ کپتان سے اوپر ہیں۔ اینکر نے سوال اٹھایا کہ کیا بابر اعظم کپتانی اس لیے نہیں ہٹ رہے کہ انہیں اپنا نمبر تبدیل ہونے کا خدشہ ہے؟ جس پر آصف نے جواب دیا کہ 2 سے لیکر 5 نمبر تک اہم ہی ہیں، انہیں کچھ دشواری ہے لیکن پریکٹس سے بھرپور پیکج بن سکتے ہیں۔
واضح ہے کہ یہ بات قابل غور ہے کہ 2024ء کے T20 ورلڈ کپ کی تباہ کن مہم کے بعد پاکستان کرکٹ ممکنہ تبدیلیوں کے دہانے پر ہے۔ ٹیم کے پہلے رائونڈ سے باہر ہونے میں امریکہ اور بھارت سے شکستوں نے اہم کردار ادا کیا۔ 29 سال کی عمر میں بابر اعظم ٹی ٹونٹی کی تاریخ کے سب سے زیادہ کامیاب کپتانوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے 85 میچوں میں 56.47 کی جیت کی شرح کے ساتھ 48 فتوحات حاصل کیں۔ چھوٹے فارمیٹ میں قیادت کے باوجود بابر اعظم آج تک ٹائٹل جتوانے میں ناکام رہے تھے ۔