شادی کی تقریب کے دوران ہی گر کر بے ہوش ہونے والی دلہن نے بالآخر اس واقعے کی حقیقت دنیا کو بتادی

گزشتہ سال اپنی شادی میں بے ہوش ہو کر گر جانے والی دلہن نے بالآخر ایک ٹک ٹاک ویڈیو کے ذریعے اس واقعے کے متعلق حقیقت دنیا کو بتا دی۔ فوکس نیوز کے مطابق 28سالہ کیتھرین فرینکس نامی یہ لڑکی امریکی ریاست لوئزیانہ کی رہائشی ہے، جس کی ایک سال قبل اپنی شادی میں بے ہوش ہو کر گرنے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تھی۔
کیتھرین فرینکس اپنی وائرل ٹک ٹاک ویڈیو میں بتاتی ہے کہ وہ ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے بے ہوش ہوئی تھی۔ جب وہ اپنے دولہا کے ساتھ سٹیج پر کھڑی تھی اور پادری کے سامنے وہ زندگی بھر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا عہد کرنے والے تھے، وہ بار بار سر چکرانے کی وجہ سے نیچے بیٹھ رہی تھی اور بالآخر بے ہوش ہو کر گر گئی۔
کیتھرین ویڈیو میں بتاتی ہے کہ ’’بے ہوش ہونے سے پہلے میں اور میرا شوہر ’آئی ڈو‘ کہہ چکے تھے اور آخری دعا کا انتظار کر رہے تھے۔ اس روز گرمی بہت زیادہ تھی او ر شادی کی مصروفیت کی وجہ سے میں اپنا خیال نہ رکھ سکی، جس کی وجہ سے میں 300مہمانوں کے سامنے بے ہوش ہو گئی۔‘‘ کیتھرین فرینکس کی یہ ویڈیو ٹک ٹاک پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے اب تک پانچ لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

Leave a Comment