قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے حتمی الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کوچ جیسن گلیسپی نے آج پریس کانفرنس کے دوران بنگلہ دیش کے خلاف کل سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے 12 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا کہ عامر جمال فٹنس کلیئرنس نہیں کر پائے، فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، ابراراحمد کو 12رکنی سکواڈ میں کنڈیشنز کو دیکھ کر شامل کیا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ بطور ٹیم اچھے فیصلے کرنے ہوں گے،پاکستان کو کم بیک کرنا ہوگا، 12 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم ،صائم ایوب، میر حمزہ شامل ہیں، اس کے علاوہ محمد رضوان، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، خرم شہزاد سکواڈ میں شامل ہیں، ٹیم میں شان مسعود، سعود شکیل، ابراراحمد، محمد علی ، سلمان علی آغا بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پچ نہیں دیکھی، کل صبح کنڈیشنز دیکھیں گے، کبھی نہیں کہا کہ پاکستان کو آسٹریلیا کی طرح کھیلنا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023ء کے سلسلے میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ بنگلہ دیش نے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان کے خلاف اپنی پہلی ٹیسٹ فتح 10 وکٹوں سے جیت کر اور 1-0 کی برتری حاصل کرکے تاریخ رقم کی۔ آنے والا میچ پاکستان کے لیے اہم ہے کیونکہ ان کا مقصد سیریز برابر کرنا ہے۔