قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 55 ون ڈے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کر کے سابق اسپنر ثقلین مشتاق کا 27 سالہ پرانا ملکی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
شاہین نے آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ میں دوسرے ون ڈے میچ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں،جس سے ان کی کل وکٹوں کی تعداد 109 تک پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ 24 سالہ شاہین آفریدی نے اب تک 55 میچز میں 23.47 کی اوسط سے یہ وکٹیں حاصل کی ہیں،جو اس تعداد میں میچز کھیلنے کے بعد کسی بھی پاکستانی باؤلر کی طرف سے سب سے زیادہ ہیں۔
ذہن نشین رہے کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ ثقلین مشتاق کے پاس تھا،جنہوں نے 105 وکٹیں لے کر یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔
شاہین کی یہ کامیابی انہیں 55 میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی عالمی فہرست میں تیسرے نمبر پر لے آئی ہے۔
خیال رہے کہ اس فہرست میں پہلا نمبر افغان لیگ اسپنر راشد خان کے پاس ہے،جنہوں نے 120 وکٹیں لی ہیں،جبکہ نیپال کے سندیپ لامیچانے 116 وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
شاہین آفریدی کے بعد آسٹریلیا کے مچل اسٹارک 107 وکٹوں کے ساتھ چوتھے،جبکہ ثقلین مشتاق اور بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان 105 وکٹیں لے کر پانچویں نمبر پر ہیں۔
شاہین کی اس شاندار کارکردگی نے نہ صرف پاکستان میں کرکٹ شائقین کو خوشی دی ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی انہیں ایک ابھرتا ہوا اسٹار باؤلر تسلیم کیا جا رہا ہے