سابق پاکستانی کرکٹر اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر اور بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کی دوستی کے حوالے سے ایک دلچسپ کہانی شیئر کی ہے۔
وہاب ریاض حال ہی میں نجی ٹیلی وژن کے ایک پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں میزبان نے ان سے پوچھا کہ شعیب اختر کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ مبالغہ آمیز باتیں کرتے ہیں، کیا آپ کے پاس بھی کوئی ایسی کہانی ہے؟
اس سوال کے جواب میں وہاب ریاض نے ایک ماضی کا واقعہ سنایا جب وہ نیوزی لینڈ میں شعیب اختر کے ساتھ موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت شعیب اختر، محمد حفیظ، مصباح الحق، عمر اکمل اور احمد شہزاد ایک ساتھ شعیب اختر کے کمرے میں کھانا کھا رہے تھے۔ اس دوران ٹی وی پر شیلا کی جوانی گانا چل رہا تھا، جس پر شعیب اختر نے اچانک کہا کہ ان کی کترینہ کیف سے اچھی دوستی ہے۔
یہ وہ وقت تھا جب شعیب اختر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیل کر بھارت سے واپس آئے تھے اور وہاں ان کی ملاقات بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف سے ہوئی تھی۔ شعیب اختر نے یہ بات اپنے دوست سلمان خان کے حوالے سے بھی کہی، جو ان دنوں کترینہ کیف کے قریبی ساتھی تھے۔
وہاب ریاض نے مزید بتایا کہ شعیب اختر کی اس بات پر محمد حفیظ حیران رہ گئے اور کھانا چھوڑ کر شعیب اختر کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا، “خدا کا واسطہ جھوٹ مت بولو۔”
اس پر شعیب اختر نے غصے سے کہا، “کیا تم مجھے جھوٹا کہہ رہے ہو؟” اور پھر اس بحث کے بعد شعیب اختر نے سب کو کمرے سے باہر نکال دیا، جس کے بعد وہاب ریاض اور باقی کھلاڑیوں کو ریسٹورنٹ جا کر کھانا کھانا پڑا۔
وہاب ریاض نے شعیب اختر کی شخصیت کے حوالے سے کہا کہ وہ ایک نہایت دلچسپ انسان ہیں اور ان کے ساتھ وقت گزارنا کبھی بورنگ نہیں ہوتا، البتہ اس دن محمد حفیظ کے ساتھ صورتحال کچھ غیر متوقع ہو گئی تھی۔