ویسے ہی بال، ایک ہی چال، شعیب اختر جیسی باؤلنگ کرانے والا یہ نوجوان آخر کون ؟
شعیب اختر اپنے وقت کے سب سے خطرناک باؤلر رہے ہیں۔ زیادہ تر بلے باز ان کا سامنا نہیں کرنا چاہتے تھے۔ وہ 2011 ء میں ریٹائر ہوئے۔ تب سے کہا جانے لگا کہ اختر جیسا اور کوئی نہیں ہوگا۔
اب 13 سال بعد کسی باؤلر کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ اس کا باؤلنگ ایکشن بھی وہی ہے اور رفتار بھی وہی ہے۔
عمان میں جاری D10 لیگ میں IAS Invincibles اور Yalla Shabab Giants کے درمیان میچ کا ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے۔
اس میں نوجوان فاسٹ باؤلر عمران محمد باؤلنگ کرتے نظر آ رہے ہیں۔ لمبے بالوں والے عمران کو اسی رفتار سے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وہ لیجنڈ فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی طرح باؤلنگ کر رہے ہیں۔ عمران کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ مداح انہیں دیکھ کر حیران ہیں۔
ویڈیو کے مطابق عمران نے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے 14 میچوں میں 10.71 کی اوسط اور 8.65 کی اکانومی سے 21 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم، ان کی ٹیم IAS Invincibles نے 15 میں سے صرف پانچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
وہ پوائنٹس ٹیبل میں بہت نیچے ہے اور اس کے کھاتے میں صرف 11 پوائنٹس ہیں۔ عمران کا تعلق پاکستان سے ہے۔ وہ 18 سال کی عمر میں خیبرپختونخوا سے عمان گئے تھے۔ وہ عمان میں سی سی ٹی وی کیمرہ انسٹالر ہیں۔ جبکہ پارٹ ٹائم کرکٹر ہیں۔روزی روٹی کیلئے ان کا بنیادی کام سی سی ٹی وی کیمرے لگانا ہے۔
شعیب اختر کا بین الاقوامی کیریئر:
خیال رہے کہ شعیب اختر بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ کے تیز ترین باؤلر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 2003 ء کے ورلڈ کپ میچ میں 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار کو عبور کیاتھا۔
وہ ایسا کرنے والے پہلے باؤلر ہیں۔شعیب اختر نے ہندوستان کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر کے خلاف کئی یادگار میچ کھیلے ہیں۔ اس میں 2003 ءکے ون ڈے ورلڈ کپ کا میچ بھی شامل ہے۔
شعیب اختر بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کے لیے ساتویں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والےباؤلر ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میں 178 اور ون ڈے میں 247 وکٹیں حاصل کیں۔
ان کا کیریئر صحت اور کئی تنازعات سے متاثر ہوا۔ انہوں نے اپنا آخری میچ 2011 ءون ڈے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا۔