شہباز حکومت میں شرمندگی کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں، بنگلا دیش سے وائٹ واش پر پی ٹی آئی کا ردعمل

بنگلا دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہونے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اور خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ بنگلا دیش کے ہاتھوں اپنے ہی ملک میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے، شہباز شریف حکومت میں شرمندگی کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اور جعلی حکومت کی ترجیحات صرف پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ ہے، محسن نقوی کو بورڈ چیئرمین شپ الیکشن میں بدترین دھاندلی کے انعام میں ملی، کرکٹ کی بہتری محسن نقوی کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی کے بعد محسن نقوی نے ٹیم میں سرجری کا شوشہ چھوڑا تھا، اسی دن میں نے کہا تھا کہ سرجری فارم 47 حکومت کی ہونی چاہیے، فارم 47 کی جعلی حکومت نے کرکٹ کے میدانوں کو بھی سیاست کی نذر کیا ہے جب کہ ارشد ندیم نے اپنی ہی محنت پر اولمپک ریکارڈ بنایا تھا، اس میں شہباز حکومت کا کوئی کردار نہیں۔
یاد رہے کہ بنگلادیش نے پاکستان کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے میچ میں 10 اور دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کیا۔

Leave a Comment