پنجاب کے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری،وزیر خوراک بلال یاسین نے نان روٹی ایسوسی ایشن کو روٹی 15 روپے میں فروخت کرنے پر رضا مند کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خوراک سے صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے وفد کے ہمراہ لاہور میں ملاقات کی، جس میں ایسوسی ایشن نے 15 روپے کی روٹی فروخت کرنےکی یقین دہانی کروا دی۔
صدر نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل نے وزیرخوراک کی موجودگی میں ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا اور کہا کہ حکومت نے آٹے کی قیمت میں بہت زیادہ ریلیف دیا، عوام کو ریلیف دینے میں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں۔ حکومتی نوٹی فکیشن کے مطابق 15 روپے کی روٹی فروخت کریں گے۔
وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ نان روٹی ایسوسی ایشن حکومتی نوٹیفکیشن پر عملدرآمد یقینی بنائے گی، عوام کو ریلیف دینے کیلئے آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی، آٹے کی قیمت میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانےکےمشن میں کامیابی ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ عوام کو سستی روٹی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملکی تاریخ میں کبھی آٹے کی قیمت میں 1200 روپے کی کمی نہیں ہوئی۔
ملاقات میں سیکرٹری خوراک معظم اقبال سپرا، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب شعیب خان جدون اور متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
دوسری جانب وزیر خوراک کے دعوے روٹی نان قیمت پر غلط نکلے،بازار میں نان 25 اور روٹی 16 روپے کی فروخت ہو رہی ہے۔
تندور مالک شفیق نے کہا کہ ہمیں نان کی قیمت اور روٹی پر کوئی ریٹ لسٹ نہیں ملی، نان 120 گرام 25 روپے روٹی 100 گرام 16 قیمت ہے۔جس ایسوسی ایشن سے وزیر خوراک ملاقات کرتے اس سے ہمارا تعلق نہیں ہے،وہ چند تندور مالکان کی نمائندگی کرتے ہیں، نان کی قیمت کل 20 سے بڑھا کر 25 روپے مقرر کی ہے۔
تندور مالکان نے کہا کہ وزراء کو بیانات دینے دیں ہمارا اس سے لینا دینا نہیں،وہ تو سب اچھا کی رپورٹ ہمیشہ دیتے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ہیں،کیا کسی کمپنی نے نان رس کیک رش بسکٹ کی قیمت کم کی۔