عائشہ جہانزیب تشدد کیس میں بڑی پیشرفت

سیشن عدالت میں ٹی وی ہوسٹ عائشہ جہانزیب تشدد کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔
 عائشہ جہانزیب اور ان کے شوہر کے درمیان صلح ہو گئی ہے، جس کا بیان عائشہ جہانزیب نے اپنے وکیل عاصم ممتاز کے ہمراہ عدالت میں قلمبند کروا دیا۔
عدالت نے عائشہ جہانزیب سے استفسار کیا کہ کیا وہ اپنی مرضی سے عدالت آئی ہیں؟ جس پر عائشہ نے جواب دیا کہ جو بھی معززین نے فیصلہ کیا ہے، وہ اسے تسلیم کرتی ہیں۔
عائشہ  جہانزیب نے کہا کہ وہ کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتیں اور یہ فیصلہ گواہان کی موجودگی میں ہوا ہے۔
عدالت نے اس موقع پر کہا کہ کسی عورت کے ساتھ اس طرح کا ظلم نہیں ہونا چاہیے، لیکن صلح نامہ ہونے کی وجہ سے ضمانت کی حد تک معاملہ منظور کیا گیا ہے جبکہ بریت کا فیصلہ چالان پر ہو گا۔
کینٹ کچہری عدالت نے ملزم حارث علی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رکھا ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔
یہ کیس اس وقت سامنے آیا جب عائشہ جہانزیب نے اپنے شوہر کے خلاف تشدد کا الزام عائد کیا تھا، لیکن اب دونوں کے درمیان صلح ہونے سے کیس میں نیا موڑ آ گیا ہے۔
عدالت نے اس صلح کو تسلیم کرتے ہوئے آئندہ کی قانونی کارروائی کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

Leave a Comment