عظمٰی بخاری نے طالبہ کیساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے پر احتجاج کرنے والوں کو سیاسی گدھ قرار دے دیا

ظمٰی بخاری نے طالبہ کیساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے پر احتجاج کرنے والی پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن کو سیاسی گدھ قرار دے دیا، کہا کاروائی کس کے خلاف کریں؟ اپنی گندی اور گھناونی سیاست کیلئے کسی مظلوم اور معصوم بچی کا کندھا استعمال نہ کریں، پی ٹی آئی کے لوگ اپنے سکولوں کے بچے لا کر تماشہ لگائے بیٹھے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اب بچیوں سے زیادتی کے الزامات لگا رہے ہیں، میں بھی ایک بیٹی کی ماں ہوں، براہِ مہربانی بچوں پر سیاست نہ کریں، اس باپ سے ملیں جس کی بیٹی کو آپ بدنام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ ہم نے ہسپتالوں کا ریکارڈ چیک کیا، والدین نے کہا بچی سے زیادتی کا واقعہ پیش نہیں آیا، دیے گئے نام کی 3 بچیوں کے گھر جا کر معلوم کرایا لیکن منصوبے کے تحت لاہور کو فساد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی ہے، بچیوں پر رحم کریں ان کو اپنی سیاست کا نشانہ نہ بنائیں۔
ادھر پنجاب کالج میں طالبہ سے مبینہ ذیادتی کے معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کی تحقیقات کیلئے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، چیف سیکرٹری پنجاب کو تحقیقاتی کمیٹی کے کنوینئر مقرر کیا گیا ہے، تحقیقاتی کمیٹی واقعہ کی مکمل جانچ پڑتال کرے گی، جس کے بعد تحقیقاتی کمیٹی 48 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔
دوسری طرف لاہور کے علاقے گلبرگ میں پنجاب کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے پر محکمہ تعلیم پنجاب نے پنجاب کالج کے گلبرگ کیمپس کو سیل کرتے ہوئے کالج کی رجسٹریشن معطل کردی، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پنجاب کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے معاملے کا نوٹس لیا اور پنجاب کالج پہنچے جہاں انہوں نے مشتعل طلبہ سے ملاقات کی، طلبا ءصوبائی وزیر رانا سکندر حیات کے ساتھ کالج کیمپس میں داخل ہوئے اور کلاسز میں توڑ پھوڑ شروع کردی، بعدازاں رانا سکندر حیات نے طلبہ کو انصاف کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ متاثرہ طالبہ کو ہر صورت انصاف دیا جائے گا اور ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

Leave a Comment