معروف پاکستانی اداکار فیروز خان نے اپنی دوسری اہلیہ ڈاکٹر زینب کو انسٹاگرام پر ان فالو کردیا ہے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر علیحدگی کی افواہیں دوبارہ زور پکڑ گئی ہیں۔
یاد رہے کہ فیروز خان نے اپنی پہلی اہلیہ سے علیحدگی کے بعد جون 2024 ءمیں ڈاکٹر زینب کے ساتھ دوسری شادی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔
تاہم، شادی کے چند ہی ہفتوں بعد، فیروز خان نے انسٹاگرام سے اپنی اہلیہ کے ساتھ شیئر کی گئی تصاویر کو ہٹادیا تھا، جس کے بعد ان کی شادی کے مستقبل پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔
اس وقت فیروز خان نے ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر نکاح کی تصویر شیئر کی تھی اور اپنی اہلیہ کو “بہترین تحفہ” قرار دیا تھا، جس سے ان کے مداحوں میں ایک بار پھر سکون کی لہر دوڑ گئی تھی۔
اب چند ماہ بعد، فیروز خان نے ایک بار پھر انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ ڈاکٹر زینب کو ان فالو کردیا ہے، جس سے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ مختلف پلیٹ فارمز پر صارفین اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کر رہے ہیں کہ فیروز خان نے حالیہ دنوں میں یہ قدم اٹھایا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کے بعد لوگوں کی نظریں ایک بار پھر فیروز خان کی ذاتی زندگی پر مرکوز ہوگئی ہیں، اور مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ آیا یہ عمل ان کی ازدواجی زندگی میں مشکلات کا اشارہ ہے یا نہیں۔
فیروز خان کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے، لیکن ان کے اس اقدام نے مداحوں کے درمیان سوالات ضرور اٹھا دیے ہیں