محمد رضوان نے ٹیسٹ کرکٹ میں اہم اعزاز اپنے نام کر لیا

محمد رضوان ٹیسٹ کرکٹ میں 2000 رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز بن گئے۔
پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوران ایک اہم سنگ میل عبور کیا، اپنے کیریئر کی 57ویں ٹیسٹ اننگز میں محمد رضوان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 2000 رنز کا سنگِ میل عبور کر لیا، اس کے ساتھ ہی وہ یہ سنگِ میل عبور کرنے والے پاکستان کے پانچویں وکٹ کیپر بن گئے۔

محمد رضوان اب ایک ممتاز گروپ کا حصہ بن گئے ہیں جس میں سرفراز احمد سرفہرست ہیں، انہوں نے اپنے کیئریر کی 95 اننگز میں 3031 رنز بنائے۔

پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں وکٹ کیپر بلے بازوں کے سب سے زیادہ رنز درج ذیل ہیں:

سرفراز احمد – 3031 رنز،

کامران اکمل – 2648 رنز

معین خان – 2581 رنز

امتیاز احمد – 2010 رنز

محمد رضوان – 2000 رنز

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین جاری فیصلہ کن پنڈی ٹیسٹ کے دوران انگلینڈ کو پہلی ہی اننگز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 267 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، پاکستان کے سپنرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی، پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 6، نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی، انگلینڈ کے 267 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔

واضح رہے کہ محمد رضوان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے لیے بلکہ پاکستان کرکٹ کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز ہے، یہ ان کی محنت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے

Leave a Comment