پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار فاسٹ بولر محمد عامر کی شکایت پر پنجاب کی نومنتخب وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
مریم نواز نے کھلاڑی کو فون کرکے واقعے کی معلومات حاصل کیں اور ملتان کے ڈپٹی کمشنر اور کھلاڑی کے مابین معاملات سلجھا دیئے۔
سماجی رابطے کی ویب ایکس پر محمد عامر نے فوری کارروائی کرنے پر پوسٹ شیئر کرکے مریم نواز کا شکریہ ادا بھی کیا۔
I am highly grateful for the chief minister's @MaryamNSharif attention to my matter and for taking out the precious time to call me. All misunderstanding has been cleared by Deputy Commissioner Multan himself , I sincerely appreciate it and extend my best wishes to you as you…
— Mohammad Amir (@iamamirofficial) February 27, 2024
میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کا بے حد مشکور ہوں، جنہوں نے میرے اہل خانہ کے ساتھ اسٹیڈیم میں پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیا اور اپنا قیمتی وقت نکال کر مجھے فون کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ملتان نے بھی خود ذاتی طور پر میری تمام غلط فہمی دور کردی ہے۔
کھلاڑی نے نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا اور لکھا کہ میں تہہ دل سے ان کی کاوش کو سراہتا ہوں اور اس نئے سفر میں میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل محمد عامر نے ملتان کے ڈپٹی کمشنر پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے میچ کے دوران مبینہ طور پر کھلاڑیوں کے اہل خانہ سے بدسلوکی کی ہے، جس پر انہوں نے مریم نواز سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔