پاکستان اور امریکا کے تھیٹر میں نمایاں مقام رکھنے والے معروف اسٹیج ڈرامہ پروڈیوسر سید فرقان حیدر رضوی فانی دنیا سے کوچ کر گئے۔
واضح رہے کہ وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کی حالت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ان کے انتقال کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور ان کے چاہنے والوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ سید فرقان حیدر کا نام پاکستانی تھیٹر میں کسی تعارف کا محتاج نہیں۔انہوں نے اپنے کیریئر میں معین اختر اور عمر شریف جیسے فنکاروں کو روشناس کرایا اور پاکستانی کمرشل تھیٹر کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کے مشہور ڈرامے بکرا قسطوں پر،مصیبت در مصیبت اور بچاؤ معین اختر نے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی اور پاکستانی تھیٹر کو بین الاقوامی پذیرائی دلائی۔
انہوں نے 250 سے زائد اسٹیج ڈرامے پروڈیوس کیے،جن میں معاشرتی مسائل اور حالاتِ حاضرہ کو دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا۔
مرض کی شدت کے باوجود سید فرقان نے حال ہی میں ڈیلس میں اپنا آخری اسٹیج ڈرامہ دلہا آن لائن پروڈیوس کیا تھا۔اس پرفارمنس میں پاکستان سے کئی فنکاروں کو مدعو کیا گیا،انہوں نے اپنے آخری خطاب میں حاضرین سے پرجوش گفتگو کی، جو ان کی یادگار بن چکی ہے۔
ان کے انتقال پر اہل خانہ، دوستوں اور شوبز انڈسٹری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ان کے اہل خانہ نے تمام دوست احباب سے دعا کی درخواست کی ہے کہ اللہ تعالیٰ سید فرقان حیدر کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور وہ پاکستان کے اسٹیج ڈراموں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
ان کی نماز جنازہ اتوار،10 نومبر کو ڈیلس کے مومن سینٹر میں ادا کی جائے گی اور تدفین ڈینٹن مسلم قبرستان میں کی جائے گی۔