ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے لیے نئی فیسوں کا اعلان کر دیا۔
بیرون ملک سیاحت، ملازمت یا امیگریشن کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کا حصول اولین شرط ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے لیے نئی فیسوں کا اعلان کیا ہے جس میں نارمل، ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک کیٹیگریز شامل ہیں۔
پاسپورٹ دفتر کی جانب سے شہریوں کو پاسپورٹ کے اجرا کے لیے ضروری دستاویزات اور مقررہ فیس کی ادائیگی کرنا ہوتی ہے۔ وہ پاکستانی شہری جن کے پاس درست پاسپورٹ موجود ہے، بیرون ملک قیام کے دوران وہ پاکستان کے سفارتی اور قونصلر نمائندوں کے تحفظ کے حقدار سمجھے جاتے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے جاری کردہ اعلانات کے مطابق 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ (5 سالہ میعاد) کی نارمل پروسیسنگ فیس 4500 روپے اور ارجنٹ پروسیسنگ فیس 7500 روپے ہو گی۔ اسی طرح 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ (10 سالہ میعاد) کی نارمل پروسیسنگ فیس6700 روپے اور ارجنٹ پروسیسنگ فیس 11200 روپے ہو گی۔
مزید براں 72 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ (5 سالہ میعاد) کی نارمل پروسیسنگ فیس 8200 روپے جبکہ ارجنٹ پروسیسنگ فیس 13500 روپے مقرر کی گئی ہے، 100 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ (10 سالہ میعاد) کی نارمل پروسیسنگ فیس 12400 روپے اور ارجنٹ پروسیسنگ فیس20200 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن کے مطابق شہری اپنے قریبی پاسپورٹ آفس جاکر درخواست دے سکتے ہیں۔ محکمہ پاسپورٹ کی طرف سے پروسیسنگ کے 3 مختلف طریقے پیش کیے جاتے ہیں، نارمل پروسیسنگ (عام وقت کے ساتھ پاسپورٹ کا اجرا)، ارجنٹ پروسیسنگ (جلدی وقت میں پاسپورٹ کی تیاری) اور فاسٹ ٹریک پروسیسنگ (فوری بنیادوں پر پاسپورٹ کا اجرا)، یہ اقدامات شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو مزید بہتر اور تیز بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ محکمہ پاسپورٹ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی درخواست کے وقت مکمل اور درست معلومات فراہم کریں تاکہ ان کی پروسیسنگ میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو