مہنگائی میں مزید کمی کی توقع

وزارت خزانہ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، اگست کے مہینے میں مہنگائی کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
 جبکہ ستمبر میں یہ شرح مزید کم ہو کر 9 سے 10 فیصد کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل جولائی میں مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست میں برآمدات 2.5 سے 3.2 ارب ڈالرز کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ درآمدات کا حجم 4.5 سے 5 ارب ڈالرز کے درمیان متوقع ہے۔
ترسیلات زر میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، جو اگست میں 2.6 سے 3.3 ارب ڈالرز کے درمیان متوقع ہیں۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بیرونی شعبے میں استحکام کی وجہ سے ملکی کرنسی میں استحکام آیا ہے اور معاشی سرگرمیاں بھی بحال ہو چکی ہیں۔
مزید برآں، مالی سال 2025 ء کا آغاز مثبت اشاروں کے ساتھ ہوا ہے، جس میں جاری کھاتوں کا خسارہ کم ہوا ہے اور ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں مقررہ ہدف سے زائد رہی ہیں۔
 زرعی قرضوں کے اجرا میں بھی 24.8 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
یہ رپورٹ ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے اور آئندہ مہینوں میں مزید بہتری کی توقع ہے۔

 

Leave a Comment