پاکستانی کرکٹر نسیم شاہ اور بھارتی اداکار و سابق ماڈل پریانشو چترجی کے درمیان حیران کن مماثلت کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں نسیم شاہ کو بھارتی اداکار پریانشو چترجی کی کاپی قرار دیا گیا۔
نسیم شاہ پہلے ہی بھارتی شائقین کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں، لیکن اس مماثلت کے بعد ان کی خوبصورتی کی ایک بار پھر تعریفیں ہونے لگیں۔
وائرل ویڈیو میں 2001 ء کی بالی وڈ فلم تم بن کے اداکار پریانشو چترجی کی جھلکیاں دکھائی گئی تھیں، جن کا موازنہ نسیم شاہ کے تاثرات سے کیا گیا۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی بھارتی اور پاکستانی مداحوں کے درمیان ایک نئی بحث چھڑ گئی۔
کچھ صارفین نے نسیم شاہ اور پریانشو چترجی کے موازنے پر اتفاق کیا، جبکہ کچھ نے نسیم شاہ کو زیادہ پرکشش قرار دیا۔
صارفین کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ ایک اسپورٹس مین ہیں جو گراؤنڈ پر گھنٹوں کرکٹ کھیلتے ہیں اور ان کا موازنہ ایسے اداکار سے نہیں کیا جانا چاہیے جو بہت زیادہ میک اپ کرتا ہے اور لائم لائٹ میں رہتا ہے۔
واضح رہے کہ پریانشو چترجی، جو تم بن ، دل کا رشتہ ، بھوت ناتھ اور دیگر فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں، اپنے کیریئر کے عروج پر بھارتی حسیناؤں اور مداحوں کا کرش بھی رہے ہیں۔
اس موازنے نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ کرکٹ اور فلمی دنیا کے ستارے اپنی خوبصورتی اور صلاحیتوں کی بنا پر مداحوں کے دلوں میں بسے رہتے ہیں۔ تاہم، یہ بھی ظاہر ہوا کہ ہر شعبے کے ستارے اپنی جگہ پر منفرد اور قابل قدر ہیں۔