نسیم کے بعد بابر، رضوان ، شاہین کو بھی این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) فرنچائز ٹورنامنٹس کیلئے کئی اہم کھلاڑیوں کے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سی) روکنے پر غور کررہا ہے۔ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی فاسٹ بولر نسیم شاہ کے بعد شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان اور بابر اعظم کو فرنچائز لیگز کیلئے این او سی جاری نہیں کرے گا۔

 

گزشتہ روز دی ہنڈریڈ کیلئے نسیم شاہ کی جانب سے بورڈ سے این او سی کی درخواست کی گئی تھی جسے پاکستان کرکٹ بورڈ نے یکسر مسترد کردیا تھا۔ این او سی ناملنے کی صورت میں شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، اور بابراعظم بھی گلوبل ٹی20 لیگ میں شرکت سے محروم رہ سکتے ہیں جب کہ یہ لیگ آئی سی سی سے بھی منظور شدہ نہیں ہے۔ بورڈ نے تینوں فارمیٹس کھیلنے والے قومی کرکٹرز کیلئے دیگر لیگز میں نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے کھلاڑیوں کو انجریز اور تھکاوٹ سے محفوظ رکھا جاسکے۔

 

آل فارمیٹس پلیئرز کیلئے پالیسی چیئرمین محسن نقوی، ہیڈ کوچز اور شعبہ انٹرنیشنل کی میٹنگ میں طے کی گئی، رواں سال تینوں فارمیٹ کھیلنے والے قومی کرکٹرز کو لیگز کے لیے این او سی نہ دیے جانے کا امکان ہے کیونکہ اگلے برس مئی تک لگاتار کرکٹ کھیلنی ہے۔

Leave a Comment