پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ 2024 اور حالیہ سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی جانب سے نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں کے خلاف مزید سنجیدگی سے کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے ٹیم گروپنگ اور کھلاڑیوں کے نظم و ضبط کا مزید جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بورڈ نے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور منیجر وہاب ریاض کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔ امکان ہے کہ کوئی سابق کپتان اس کمیٹی کی سربراہی کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گروپ بندی اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے 70 ملین ڈالر کی رقم مختص
امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے انضباطی خلاف ورزیوں اور برے رویے کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈ کپ 2024 کے دوران مبینہ طور پر اچھا برتاؤ نہیں کیا اور ان کے برے رویے کے باوجود ٹیم منیجر وہاب ریاض نے شاہین آفریدی کی انضباطی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کردیا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہاب ریاض اور عبدالرزاق نے بعض کھلاڑیوں کی طرف غیر ضروری جانبداری کا مظاہرہ کیا اور وہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔
اس کے علاوہ یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف بول رہے تھے جس سے ڈریسنگ روم کا ماحول خراب ہوگیا۔