نوجوانوں کیلئے آن لائن قرضہ پورٹل کا اجراء

خیبرپختونخوا حکومت نے نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار اور باروزگار بنانے کیلئے ایک اور بڑا قدم اٹھایا ہے

کے پی کے نوجوانوں کو خود مختار بنانے کیلئے احساس نوجوان سکیم کے تحت قرضوں کے آن لائن پورٹل کا اجراء کر دیا گیا  ہے۔ اس سکیم کے ذریعے نوجوان آسان شرائط پر قرضوں کیلئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔

اس پروگرام کی کل لاگت تین ارب روپے رکھی گئی ہے اور یہ تین سالوں میں مکمل کیا جائے گا۔قرضے بینک آف خیبر کے تعاون سے بلا سود فراہم کیے جائیں گے،جس کیلئے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کے تحت 18 سے 35 سال کے نوجوانوں کو جن میں 3 سے 5 افراد کا گروپ یا کلسٹر ہو،انہیں 10 سے 50 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

خیبر پختونخوا کی حکموت کی جانب سے قرضے کی واپسی کیلئے 8 سال کا آسان شیڈول مرتب کیا گیا ہے،تاکہ نوجوانوں کو آسانی ہو اور وہ مالی بوجھ سے آزاد ہو سکیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط کر کے انہیں معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کا موقع دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد نوجوانوں کو صرف درجہ چہارم کی نوکریاں دینا نہیں،بلکہ انہیں اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے مواقع فراہم کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے آئیڈیاز کو سپورٹ کر کے حکومت انہیں آگے بڑھنے کے مواقع دے رہی ہے،ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان ملک کی معیشت میں اپنا کردار ادا کریں اور خود کفیل بنیں۔

Leave a Comment