ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کر لیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق پی سی بی سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ سینئر کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جائے گی تاہم ان کی کیٹیگریز میں تنزلی نہیں ہو گی۔
بتایا گیا ہے کہ اس کٹوتی کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی تنخواہ 60 لاکھ روپے سے کم ہو کر 40 لاکھ روپے ہو سکتی ہے۔ کئی سینئر کھلاڑی پی سی بی کے اس فیصلے سے سخت ناخوش ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید وہ نئے سنٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہ کریں۔ واضح رہے کہ پی سی بی کی طرف سے تینوں فارمیٹس میں کھیلنے والے کرکٹرز کو فرنچائز لیگز کے لیے این او سی دینے سے بھی انکار کر دیا ہے تاکہ ان کی انجری اور ورک لوڈ کو کم کیا جا سکے۔