وفاق کے بعد سندھ میں بھی غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، سیکریٹریز، ممبرز بورڈ آف ریونیو، رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ اور کمشنرز کو خط لکھ دیا۔
چیف سیکرٹری نے اپنے خط میں کہا کہ سندھ کابینہ نے 14 ستمبر 2024ء کو فیصلہ کیا تھا کہ غیرضروری پوسٹیں ختم کی جائیں گی، غیر ضروری پوسٹوں کا قومی خزانہ پر بوجھ ہے، تمام محکمے غیر ضروری پوسٹیں ختم کر دیں۔
خط میں کہا گیا کہ جو پوسٹیں کافی عرصے سے خالی پڑی ہیں انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے، مختلف اسباب کے باعث یہ اسامیاں طویل عرصہ سے اپنی اصل اہمیت کھوچکی ہیں، ان غیر ضروری اسامیوں کے باعث سرکاری خزانہ کو بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔
چیف سیکریٹری خط میں مزید لکھا کہ مالی مشکلات کے باعث فوری طور پر غیر ضروری پوسٹوں کو ختم کیا جائے، ان پوسٹوں کے خاتمہ سے بہتر گورننس ہوگی، مالی مشکلات کم ہوں گی، خزانہ پر بوجھ کم ہوگا۔
واضح رہے مراسلہ کے ساتھ 11 نکاتی پروفارما بھیجا گیا ہے جس میں ان پوسٹوں کی معلومات مانگی گئی ہے۔