قومی ائیر لائن پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو کی پرواز پر تعینات خاتون فضائی میزبان کو ٹورنٹو ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔
نجی ٹی وی جیونویز نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ پی کے 789 پر تعینات حنا ثانی نامی ائیر ہوسٹس سے مبینہ طور پر غیر متعلقہ پاسپورٹ برآمد ہوئے جس کے بعد انھیں حراست میں لے لیا گیا۔زیر حراست ائیر ہوسٹس معروف پاکستانی گلوکارہ کی عزیزہ ہیں اور خود بھی سوشل میڈیا ماڈلنگ کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ اپنے پاسپورٹ کے علاوہ دیگر افراد کے پاسپورٹس کے ساتھ سفر کرنا بین الاقوامی جرم ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ائیر ہوسٹس کو پہلے بھی ممنوعہ اشیاکینیڈا لانے پر وارننگ دی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق پرواز 789 پر حنا ثانی کے ہمراہ 7 اور فضائی میزبانوں کو بھیجا گیا جن کو ٹورنٹو کیلئے ائیر لائن نے نو فلائی ڈکلیئر کیا ہوا تھا، اس عملے کی خصوصی اجازت ڈی جی ایم فلائیٹ سروسز نے اپنی آئی ڈی سے دی جو روٹین سے ہٹ کر قدم ہے، پرواز پر تعینات دیگر دو ائیر ہوسٹسز سے پوچھ گچھ کے بعد کینیڈین حکام نے انھیں ہوٹل جانے کی اجازت دے دی۔
واقعے سے متعلق متعلق پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ واقعے کے بارے میں آگاہ ہیں اور کینیڈین حکام سے رابطے میں ہیں،کینیڈین حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی پر عمل کیا جائے گا۔